Chitral Today
Latest Updates and Breaking News

چکدرہ چترال ایکسپریس وے

داد بیداد

ڈاکٹرعنایت اللہ فیضی

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ محمود خان نے چکدرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان خود چکدرہ چترال ایکسپریس وے یا موٹر وے کا افتتاح کرینگے چکدرہ چترال ایکسپریس وے ایک سہا نا خواب ہے اور اس خواب کی تعبیر بھی ممکنات میں شامل ہے پہلا مر حلہ اس شاہراہ کو وفاق کی تحویل میں دینا تھا وفاقی وزیر مراد سعید نے رکن اسمبلی مو لانا عبد الاکبر چترالی کو ایوان کے اندر یقین دہانی کرائی ہے صو بائی وزیر اعلیٰ محمود خان رکن اسمبلی عنایت اللہ خان سے وعدہ کیا ہے کہ وہ وفاق میں چکدرہ چترال ایکسپریس وے کا مقدمہ جیت کر دکھا ئینگے یہ ایک شاہراہ یا سڑک نہیں بلکہ ملا کنڈ کی تاریخ کا ایک باب ہے اس باب کو سنہرا باب نہیں کہا جا سکتا کیونکہ جنگ ہمارے اباءواجداد نے بھی لڑی مگر فتح دشمن کے حصے میں آئی تھی یہ 1885ء کا واقعہ ہے پشتو کا مشہور ٹپہ اس کی شہا دت دیتا ہے جواب تک سینہ بہ سینہ آرہا ہے

چرتہ لندن او چرتہ چترال
بے غیرتی شوہ
فرنگیاں چترال تہ زینہ

لندن اورچترال کے درمیاں کتنا لمبا فاصلہ ہے یہ بے غیرتی کی بات ہے کہ فرنگی لشکری چترال کی طرف جاتے ہوئے ہمارے گاءوں سے گزر رہے ہیں! جندول کے حکمران عمراخان کو پختونوں کا نپو لین کہا جا تاہے انہوں نے فرنگیوں کے خلاف جہاد کا علم بلند کیاتھا فرنگی افغا نستان کے امیر کا راستہ روکنے کے لئے چترال پر قبضہ کر کے مضبوط مورچہ قائم کرنا چاہتے تھے عمرا خان نے وائسرائے ہند کو چیلینچ کیا تھا کہ تم چترال پر قبضہ کر کے دکھاءو چنا نچہ وائسرائے ہند نے مشرق اور مغرب کی طرف سے فو جوں کے دو الگ الگ دستے روانہ کئے گلگت سے کرنیل کیلی کی قیا دت میں بر طانوی فوج کا دستہ درہ شندور کے راستے چترال میں داخل ہوا مغرب سے بریگیڈئیر کٹا گر کی قیادت میں دوسرا دستہ نو شہرہ سے روانہ ہوا یہ دستہ درہ لواری کو عبور کر کے چترال وارد ہوا ملاکنڈ کے پختونوں نے بریگیڈئیر کٹا گر کے خلاف دادِ شجا عت دی مگر بھاری توپ خانے کا مقابلہ ریوالور، تھری ناٹ تھری اور ڈنڈوں، چھریوں کے ذریعے ممکن نہیں تھا ’’مقابلہ تو دل ِ نا تواں نے خوب کیا‘‘ چکدرہ فورٹ کے اوپر پہاڑی پر چرچل پیکٹ اسی جنگ کی برطانوی یا دگار ہے ونٹس چرچل دوسری جنگ عظیم کے زمانے میں برطانیہ کے ویزر اعظم بنے 1940سے 1945تک برطانیہ کے وزیر اعظم رہے 1895ء میں ان کی ڈیوٹی چکدرہ کی پہاڑی پر واقع پیکٹ میں تھی

چکدرہ چترال روڈ ملا کنڈ کی تاریخ کا احا طہ کرتی ہے اور یہ شاہراہ ملا کنڈ کے 5اضلاع چترال بالا، چترال زیریں، دیر بالا، دیر زیریں اور ملا کنڈ کو ملا تی ہے ایک طرف سوات سے اور دوسری طرف صوابی، مردان سے جوڑتی ہے پھر پشاور، نو شہرہ اور اسلام اباد سے ملا تی یہی وجہ ہے کہ چکدرہ، چترال شاہراہ کو چائنا پا کستان اکنا مک کوریڈور (سی پیک) میں متبادل شاہراہ کے طور پر شامل کیا گیا ہے تا ہم تر جیحا ت کے مر حلے میں بُز کشی کا کھیل کھیلا جا تا ہے یہ چنگیز خان کے زمانے کا کھیل ہے افغانستان ، تاجکستان ،گلگت بلتستان اور چترال میں اب تک کھیلا جاتاہے کھیل کا دستور یہ ہے کہ ایک دنبے کو میدان میں زندہ یا مردہ رکھا جا تا ہے گھڑ سواروں کا دستہ اس پر جھپٹ پڑ تا ہے ان میں جو گھڑ سوار طاقتور ہو گا اور جس کا گھوڑا تیز دوڑے گا وہ دنبے کو زمین سے اُٹھا کر اپنے ہاتھوں سے مضبوط پکڑے گا اور گھوڑے کو سرپٹ دورڑا تے ہوئے بڑے میدان کے چکر لگائے گا 7چکروں میں دوسرے گھڑ سوار تھک کر ہار مانینگے تو دُنبہ اسی کا ہو جائے گا ایسا بھی ہو تا ہے کہ 3چکروں کے بعد کوئی دوسرا کھلا ڑی دنبہ چھین لیتا ہے مگر ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا ملا کنڈ، دیر اورچترال کے منتخب نما ئیندوں کی یہ کو شش ہے کہ بُز کشی کے اس کھیل میں اپنے گھوڑے کو سر پٹ دوڑائیں اور دُنبہ کسی اور کو چھین کر لے جا نے نہ دیں

جنرل ضیاء الحق کے دور حکومت سے پہلے ایسے منصوبے خفیہ اداروں کی رپورٹوں، فیلڈ افیسروں کی سفارشات اور عوامی نمائیندوں کے مطا لبات پر دیئے جاتے تھے جنرل ضیاء الحق نے جو نیا طریقہ متعارف کرایا وہ یہ تھا کہ بڑے منصو بے عوام کی طرف بدامنی اور قانون شکنی کے جواب میں دئیے جائینگے اُس کے بعد حکومتیں عوامی احتجاج، قانون شکنی اور بد امنی کا انتظار کرتی ہیں اس وجہ سے پُر امن علا قوں کے عوام اپنے جائز حق سے بھی محروم رہتے ہیں ملا کنڈ کے 5اضلاع کے 30لاکھ عوام کو بجا طور پر خدشہ ہے کہ سی پیک کا متبادل روٹ ہونے کے باوجود بُز کشی میں یہ منصو بہ کوئی طاقتور گھڑ سوار چھین کر لے جائے گا اس لئے عوامی نمائندوں نے اپنی کوششیں تیز کردی ہے اچھی بات یہ ہے کہ ملا کنڈ، دیر پائین اور دیر بالا میں حکمران جماعت پا کستان تحریک انصاف کے ایم پی اے اور ایم این اے منتخب ہو کر اسمبلیوں میں آئے ہیں وہ ٹریژی بینچوں پر بیٹھتے ہیں اگر انہوں نے حکومت پر زور دیا تو بڑے سے بڑا منصو بہ لینا مشکل نہیں ہو گا پارٹی مفا دات سے با لا تر ہو کر علاقے کی تر قی اور عوام کی خوشحا لی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے مشہور کہاوت ہے کہ ترقی سڑک سے ہو کر آتی ہے مو جودہ حکومت ملا کنڈ ،دیر اور چترال کے پُر فضا مقامات کو سیا حوں کے لئے کھولنا چاہتی ہے اس کے لئے بھی شاہراہ کی ضرورت ہے چکدرہ سے چترال تک 210کلو میٹر ایکسپریس وے بن گئی تو 6گھنٹوں کا سفر 3گھنٹوں میں طے ہو جائے گا۔

You might also like

Leave a comment

error: Content is protected!!